بھونیشور، 9 ؍ستمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اڑیسہ کے انگل ضلع میں آج ایک بس کے ایک پل سے نیچے گر جانے سے 16افراد کی موت ہو گئی جبکہ 30سے زائدلوگ شدید زخمی ہو گئے۔ڈی جی پی کے بی سنگھ نے بتایا کہ حادثے دیو لجھاری کے نزدیک اس وقت پیش آیا جب بودھ سے اتھاملک جا رہی ایک بس ایک پل سے نیچے جا گری۔سنگھ نے بتایا کہ حادثے میں 4 خواتین سمیت 16افراد کی موت ہو گئی جبکہ 30دیگر افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔جائے حادثہ پر امدادی کام کی نگرانی کرنے پہنچے انگل کے کلکٹر انل کمار سمل نے بتایا کہ زخمیوں کو اتھاملک کے اسپتا ل میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان میں سے کئی کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے ضلع انتظامیہ اور پولیس حکام کو زخمیوں کے علاج کے لیے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔حکام نے بتایا کہ وزیر اعلی نے زخمیوں کو مفت طبی علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اتھاملک کالج کے کئی طالب علم بھی بس میں سفر کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ کس وجہ بس پل سے نیچے گری لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ ڈرائیور نے گاڑی پراپنا کنٹرول کھو دیا ہو گا ۔